1-‏پطرس 3‏:1‏-‏22

  • بیویوں اور شوہروں کے لیے نصیحت (‏1-‏7‏)‏

  • دُکھ سُکھ میں شریک ہوں؛ صلح کی خواہش رکھیں (‏8-‏12‏)‏

  • ہم نیک ہونے کی وجہ سے تکلیف اُٹھاتے ہیں (‏13-‏22‏)‏

    • جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار رہیں (‏15‏)‏

    • بپتسمہ اور اچھا ضمیر (‏21‏)‏

3  بیویو، آپ اپنے شوہر کی تابع‌دار ہوں تاکہ اگر آپ کا شوہر کلام کو نہیں مانتا تو آپ اُسے بغیر کسی لفظ کے اپنے چال‌چلن سے قائل کر سکیں 2  کیونکہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھے گا کہ آپ کا چال‌چلن پاک ہے اور آپ اُس کا گہرا احترام بھی کرتی ہیں۔ 3  آپ کی خوب‌صورتی صرف باہر سے نہ ہو یعنی گندھے ہوئے بالوں سے اور سونے کے زیورات اور اچھے اچھے کپڑوں سے 4  بلکہ آپ کی خوب‌صورتی اندر سے ہو یعنی دل میں چھپے اِنسان سے جسے اُس پُرسکون اور نرم رویے*‏ سے سجایا گیا ہے جو پائیدار ہے اور خدا کی نظر میں بہت ہی قیمتی ہے۔ 5  قدیم زمانے کی مُقدس عورتیں جو خدا پر بھروسا رکھتی تھیں، وہ بھی خود کو اِسی طرح سجاتی تھیں یعنی وہ اپنے شوہر کی تابع‌داری کرتی تھیں، 6  بالکل ویسے ہی جیسے سارہ ابراہام کی فرمانبرداری کرتی تھیں اور اُن کو مالک کہہ کر پکارتی تھیں۔ اور آپ سارہ کی بیٹیاں ہیں بشرطیکہ آپ اچھے کام کرتی رہیں اور خوف کو خود پر غالب نہ آنے دیں۔‏ 7  شوہرو، آپ بھی اپنی بیوی کے ساتھ رہتے ہوئے اُس کا لحاظ رکھیں۔‏*‏ عورت مرد سے زیادہ نازک برتن ہے۔ اِس لیے اپنی بیوی کی عزت کریں کیونکہ وہ بھی آپ کی طرح زندگی کی نعمت کی وارث ہے ورنہ آپ کی دُعاؤں میں رُکاوٹ پیدا ہو جائے گی۔‏ 8  آپ سب میں اِتفاق ہو،‏*‏ ایک دوسرے کے دُکھ سُکھ میں شریک ہوں، دوسروں سے شفقت اور ہمدردی سے پیش آئیں اور خاکساری سے کام لیں۔ 9  نقصان کے بدلے کسی کا نقصان نہ کریں اور بے‌عزتی کے بدلے کسی کی بے‌عزتی نہ کریں بلکہ نرمی سے پیش آئیں*‏ کیونکہ آپ کو ایسا کرنے کے لیے بلا‌یا گیا ہے تاکہ آپ ورثے میں برکت پائیں۔‏ 10  کیونکہ ”‏جو زندگی سے محبت کرتا ہے اور اچھے دن دیکھنا چاہتا ہے، وہ اپنی زبان کو بُری باتیں کہنے اور اپنے ہونٹوں کو جھوٹ بولنے سے باز رکھے؛ 11  وہ بُرے کاموں سے دُور رہے اور اچھے کام کرے؛ وہ صلح کی خواہش رکھے اور اِس کی جستجو میں رہے 12  کیونکہ یہوواہ*‏ کی آنکھیں نیک لوگوں پر ہیں اور اُس کے کان اُن کی اِلتجاؤں کو سنتے ہیں۔ لیکن یہوواہ*‏ اُن کے خلاف ہے*‏ جو بُرے کام کرتے ہیں۔“‏ 13  اگر آپ شوق*‏ سے اچھے کام کریں تو کون آپ کو نقصان پہنچائے گا؟ 14  لیکن اگر آپ کو نیک ہونے کی وجہ سے تکلیف دی بھی جائے تو آپ خوش ہوں گے۔ البتہ نہ تو اُن باتوں سے ڈریں جن سے لوگ ڈرتے ہیں*‏ اور نہ ہی گھبرائیں۔ 15  دل میں مسیح کو مالک اور مُقدس سمجھ کر اُن لوگوں کو جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار رہیں جو آپ کی اُمید کے بارے میں سوال کرتے ہیں لیکن ایسا کرتے وقت نرم‌مزاجی سے کام لیں اور گہرا احترام ظاہر کریں۔‏ 16  اپنا ضمیر صاف رکھیں تاکہ جو لوگ آپ کے خلاف بولتے ہیں، وہ یہ دیکھ کر شرمندہ ہو جائیں کہ مسیح کے پیروکار ہونے کی وجہ سے آپ کا چال‌چلن اچھا ہے۔ 17  اگر خدا کی مرضی ہے کہ آپ اچھے کام کرنے کی وجہ سے تکلیف اُٹھائیں تو یہ بُرے کام کرنے کی وجہ سے تکلیف اُٹھانے سے بہتر ہے۔ 18  کیونکہ مسیح نے بھی ایک ہی بار گُناہوں کے لیے جان دے دی یعنی ایک نیک آدمی گُناہ‌گاروں کے لیے مر گیا تاکہ آپ کو خدا تک لے جائے۔ اُس کو اِنسان*‏ کے طور پر مارا گیا لیکن روح کے طور پر زندہ کِیا گیا۔ 19  اور اُس نے اِس حالت میں جا کر اُن بُرے فرشتوں*‏ کو مُنادی کی جو قید میں تھے 20  اور جنہوں نے نوح کے زمانے میں خدا کی نافرمانی کی۔ اُس زمانے میں خدا صبر سے اِنتظار کر رہا تھا اور اِس دوران ایک کشتی بنائی جا رہی تھی جس میں سوار ہو کر کچھ لوگ یعنی آٹھ جانیں پانی سے بچ گئیں۔‏ 21  بپتسمہ بھی اِسی طرح ہے اور آپ کو بچا رہا ہے (‏جسم سے گندگی دُور کر کے نہیں بلکہ خدا سے اچھے ضمیر کی درخواست کر کے)‏ کیونکہ آپ اِس بات پر ایمان لائے ہیں کہ یسوع مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کِیا گیا ہے۔ 22  اب وہ خدا کی دائیں طرف ہیں کیونکہ وہ آسمان پر چلے گئے اور فرشتے اور حکمران اور طاقتیں اُن کے تابع کر دی گئیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏
یا ”‏اُس کو سمجھنے کی کوشش کریں۔“‏
یا ”‏آپ سب ہم‌خیال ہوں“‏
یونانی میں:‏ ”‏برکت دیں“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یونانی میں:‏ ”‏یہوواہ کا چہرہ اُن کے خلاف ہے“‏
یا ”‏جوش“‏
یا شاید ”‏نہ تو لوگوں کی دھمکیوں سے ڈریں“‏
یونانی میں:‏ ”‏گوشت پوست“‏
یونانی میں:‏ ”‏روحوں“‏