مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

حصہ 8

آپ مصیبتوں کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏

آپ مصیبتوں کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏

‏”‏تُم خوشی مناتے ہو۔ اگرچہ اب چند روز کے لئے .‏ .‏ .‏ طرح‌طرح کی آزمایشوں کے سبب سے غم‌زدہ ہو۔“‏—‏1-‏پطرس 1:‏6

ہم اپنے گھر والوں کے ساتھ خوش‌گوار زندگی گزارنے کی پوری کوشش کرتے ہیں لیکن اِس کے باوجود کبھی کبھار زندگی میں کوئی مصیبت ٹوٹ پڑتی ہے۔ (‏واعظ 9:‏11‏)‏ ایسے کٹھن وقت میں اپنی خوشی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ لیکن خدا ہماری مدد کرنے کو تیار رہتا ہے۔ اگر آپ اُس کے کلام میں دیے گئے اصولوں پر عمل کرتے ہیں تو آپ اور آپ کے گھر والے مشکل سے مشکل صورتحال سے نپٹ سکیں گے۔‏

1 یہوواہ خدا پر بھروسا رکھیں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏اپنی ساری فکر اُسی پر ڈال دو کیونکہ اُس کو تمہاری فکر ہے۔“‏ (‏1-‏پطرس 5:‏7‏)‏ یاد رکھیں کہ خدا آپ کی مشکلات کا ذمے‌دار نہیں ہے۔ (‏یعقوب 1:‏13‏)‏ اگر آپ اُس کے قریب جاتے ہیں تو وہ بہترین طریقے سے آپ کی مدد کرے گا۔ (‏یسعیاہ 41:‏10‏)‏ دُعا میں ”‏اپنے دل کا حال اُس کے سامنے کھول“‏ دیں۔—‏زبور 62:‏8‏۔‏

ہر روز خدا کا کلام پڑھنے سے بھی آپ کو تسلی ملے گی۔ یوں آپ دیکھیں گے کہ یہوواہ خدا ”‏ہماری سب مصیبتوں میں ہم کو تسلی دیتا ہے۔“‏ (‏2-‏کرنتھیوں 1:‏3، 4؛‏ رومیوں 15:‏4‏)‏ اُس کا وعدہ ہے کہ وہ ہمیں ایسا اِطمینان دے گا ”‏جو سمجھ سے بالکل باہر ہے۔“‏—‏فلپیوں 4:‏6، 7،‏ 13‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • یہوواہ خدا سے دُعا کریں کہ وہ آپ کو اِطمینان بخشے اور آپ کو عقل اور سمجھ عطا کرے۔‏

  • غور کریں کہ آپ کے سامنے کون کون‌سے راستے ہیں اور پھر وہ قدم اُٹھائیں جو آپ کی صورتحال میں سب سے بہترین ہے۔‏

2 اپنا اور اپنے گھر والوں کا خیال رکھیں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏ہوشیار کا دل علم حاصل کرتا ہے اور دانا کے کان علم کے طالب ہیں۔“‏ (‏امثال 18:‏15‏)‏ یہ معلوم کرنے کی کوشش کریں کہ آپ کے گھر والوں کی ضروریات کیا ہیں۔ اُن سے بات کریں اور اُن کی بات غور سے سنیں۔—‏امثال 20:‏5‏۔‏

اگر آپ کا کوئی عزیز فوت ہو گیا ہے تو اپنے غم کا اِظہار کرنے سے نہ شرمائیں۔ یسوع مسیح بھی اپنے دوست کی موت پر رو پڑے تھے۔ (‏یوحنا 11:‏35؛‏ واعظ 3:‏4‏)‏ آرام کرنے کے لیے وقت نکالیں اور نیند پوری کریں۔ (‏واعظ 4:‏6‏)‏ یوں آپ اِس کٹھن صورتحال سے بہتر طور پر نپٹ سکیں گے۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • اِس سے پہلے کہ آپ پر کوئی کٹھن وقت آن پڑے، اپنے گھر والوں کے ساتھ بات کرنے کا معمول بنائیں۔ پھر وہ مشکل وقت میں بھی آپ سے کُھل کر بات کر سکیں گے۔‏

  • ایسے لوگوں سے بات کریں جو آپ جیسی صورتحال سے گزر چکے ہیں۔‏

3 دوسروں سے مدد حاصل کریں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏دوست ہر وقت محبت دِکھاتا ہے اور بھائی مصیبت کے دن کے لئے پیدا ہوا ہے۔“‏ (‏امثال 17:‏17‏)‏ آپ کے دوست آپ کی مدد ضرور کرنا چاہتے ہیں لیکن شاید اُنہیں پتہ نہیں کہ وہ آپ کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ اِس لیے اُنہیں اپنی ضروریات کے بارے میں بتانے سے نہ ہچکچائیں۔ (‏امثال 12:‏25‏)‏ ایسے لوگوں سے مشورے لیں جو خدا کے کلام کے اصولوں سے خوب واقف ہیں۔ جب وہ خدا کے کلام سے آپ کی رہنمائی کریں گے تو آپ کی بڑی مدد ہوگی۔—‏یعقوب 5:‏14‏۔‏

اگر آپ باقاعدگی سے ایسے لوگوں کے ساتھ میل‌جول رکھیں گے جو خدا اور اُس کے وعدوں پر ایمان رکھتے ہیں تو آپ کو سہارا ملے گا۔ اِس کے علاوہ جب آپ ایسے لوگوں کی مدد کریں گے جنہیں حوصلہ‌افزائی کی ضرورت ہے تو آپ کو خود بھی تسلی حاصل ہوگی۔ اُنہیں یہوواہ خدا اور اُس کے وعدوں کے بارے میں بتائیں۔ ضرورت‌مندوں کی مدد کرنے میں مصروف رہیں اور اُن لوگوں سے دُور نہ جائیں جو آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کی فکر رکھتے ہیں۔—‏امثال 18:‏1؛‏ 1-‏کرنتھیوں 15:‏58‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • اپنے کسی قریبی دوست سے بات کریں اور اُس کی مدد کو قبول کریں۔‏

  • اُسے کُھل کر بتائیں کہ آپ کو کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے۔‏