مواد فوراً دِکھائیں

کیا پاک کلام ڈپریشن سے نمٹنے میں میری مدد کر سکتا ہے؟‏

کیا پاک کلام ڈپریشن سے نمٹنے میں میری مدد کر سکتا ہے؟‏

پاک کلام کا جواب

 جی ہاں کیونکہ خدا ہی بہترین طریقے سے مدد کر سکتا ہے۔ پاک کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏خدا افسردہ لوگوں کو تسلی، حوصلہ، تازگی اور خوشی بخشتا ہے۔“‏—‏2-‏کُرنتھیوں 7:‏6‏، دی ایمپلیفائیڈ بائبل۔‏

خدا ڈپریشن میں مبتلا لوگوں کی مدد کیسے کرتا ہے؟‏

  •   ہمت اور طاقت دینے سے۔‏ خدا ہماری مشکلوں کو دُور کرنے سے ہمیں ”‏تازگی اور خوشی“‏نہیں دیتا۔ وہ ہمیں اُس وقت ”‏تازگی اور خوشی“‏ دیتا ہے جب ہم دُعا میں اُس سے اپنی مشکلوں سے نمٹنے کے لیے طاقت مانگتے ہیں۔ (‏فِلپّیوں 4:‏13‏)‏ آپ پورا یقین رکھ سکتے ہیں کہ خدا آپ کی بات سننے کو ہمیشہ تیار ہے کیونکہ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏[‏یہوواہ‏]‏ شکستہ‌دلوں کے نزدیک ہے اور خستہ جانوں کو بچاتا ہے۔“‏ (‏زبور 34:‏18‏)‏ وہ تو اُس وقت بھی آپ کی فریاد سُن سکتا ہے جب آپ اپنے احساسات کو لفظوں میں بیان نہیں کر پاتے۔—‏رومیوں 8:‏26، 27‏۔‏

  •   اچھی مثالوں کے ذریعے سے۔‏ بائبل کو تحریر کرنے والے خدا کے ایک بندے نے اُس سے دُعا کی:‏ ”‏اَے رب، مَیں تجھے گہرائیوں سے پکارتا ہوں۔“‏ جب اِس زبورنویس نے اِس بات پر سوچ بچار کی کہ خدا ہمارے گُناہوں کو معاف کر دیتا ہے تو وہ اپنی افسردگی سے نمٹنے کے قابل ہوا۔ اِس لیے اُس نے کہا:‏ ”‏اَے رب، اگر تُو ہمارے گُناہوں کا حساب کرے تو کون قائم رہے گا؟ کوئی بھی نہیں!‏ لیکن تجھ سے معافی حاصل ہوتی ہے تاکہ تیرا خوف مانا جائے۔“‏—‏زبور 130:‏1،‏ 3، 4‏، اُردو جیو ورشن۔‏

  •   اُمید دینے سے۔‏ خدا ہمیں صرف ابھی تسلی نہیں دیتا بلکہ اُس نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ اُن تمام مسئلوں کا نام‌ونشان مٹا دے گا جو ڈپریشن کا باعث بنتے ہیں۔ جب اُس کا یہ وعدہ پورا ہوگا تو ”‏پہلی چیزوں کا [‏جن میں ڈپریشن بھی شامل ہے]‏ پھر ذکر نہ ہوگا اور وہ خیال میں نہ آئیں گی۔“‏—‏یسعیاہ 65:‏17‏۔‏

 نوٹ:‏ حالانکہ یہوواہ کے گواہ جانتے ہیں کہ خدا بیماری سے نمٹنے میں اُن کی مدد کرتا ہے۔ لیکن وہ ڈپریشن اور دیگر بیماریوں کا علاج بھی کرواتے ہیں۔ (‏مرقس 2:‏17‏)‏ البتہ ہم کسی خاص علاج کے حوالے سے مشورہ نہیں دیتے۔ ہمارا ماننا ہے کہ ایسے معاملات میں ہر شخص کو خود فیصلہ کرنا چاہیے۔‏