مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع :‏ گھر کی فضا کو پُرامن بنائیں

گھر میں لڑائی چھڑتی کیوں ہے؟‏

گھر میں لڑائی چھڑتی کیوں ہے؟‏

‏”‏ہماری لڑائی اکثر پیسوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔‏“‏ یہ بات سارہ * نے کہی جو گھانا میں رہتی ہیں اور 17 سال سے شادی‌شُدہ ہیں۔‏ اُنہوں نے مزید کہا:‏ ”‏مجھے بہت غصہ آتا ہے کیونکہ میرا شوہر مجھے اپنی آمدنی کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتاتا حالانکہ مَیں گھر والوں کا اِتنا خیال رکھتی ہوں۔‏ اِس وجہ سے ہم کئی کئی ہفتوں تک ایک دوسرے سے بات نہیں کرتے۔‏“‏

اُن کے شوہر جیکب نے کہا:‏ ”‏یہ سچ ہے کہ کبھی کبھار ہم میں بحث ہوتی ہے۔‏ اِس کی وجہ اکثر یہ ہوتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کی بات کا غلط مطلب لیتے ہیں اور کُھل کر بات نہیں کرتے۔‏ ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ کبھی کبھی ہم ایک دوسرے کی بات پر شدید غصے میں جاتے ہیں۔‏“‏

ناتھن کا تعلق بھارت سے ہے اور اُن کی نئی نئی شادی ہوئی ہے۔‏ وہ کہتے ہیں کہ ایک دن اُن کے سُسر نے اُن کی ساس پر چلّا‌نا شروع کر دیا۔‏ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏میری ساس ناراض ہو کر گھر سے چلی گئی۔‏ جب مَیں نے اپنے سُسر سے پوچھا کہ وہ اپنی بیوی پر کیوں چلّا‌ئے تو وہ سمجھے کہ مَیں اُن کی بےعزتی کر رہا ہوں اور وہ ہم سب پر چلّا‌نے لگے۔‏“‏

شاید آپ نے بھی دیکھا ہو کہ ایک چھوٹی سی بات سے گھر میں لڑائی شروع ہو سکتی ہے۔‏ عام بات‌چیت ایک دم سے بحث‌وتکرار میں بدل سکتی ہے۔‏ کوئی بھی شخص ہر وقت صحیح بات نہیں کر سکتا۔‏ اِس لیے دوسروں کی بات کا غلط مطلب نکا‌لنا اور اُن کی نیت پر شک کرنا آسان ہوتا ہے۔‏ لیکن اِس کے باوجود گھر میں امن اور سکون قائم رکھنا ممکن ہے۔‏

جب گھر میں بحث‌وتکرار شروع ہوتی ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏ آپ کون سے اِقدام اُٹھا سکتے ہیں تاکہ گھر کا ماحول دوبارہ خوش‌گوار ہو جائے؟‏ سارہ،‏ جیکب اور ناتھن بلکہ ہم سب گھر میں امن برقرار رکھنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟‏ آئیں،‏ اگلے مضمون میں دیکھیں۔‏

^ پیراگراف 3 اِن مضامین میں کچھ فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔‏